بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کا دہشتگردی کے خلاف دوٹوک مؤقف: دشمنوں کو بخشا نہیں جائے گا

بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سرڈھاکہ میں نہتے پاکستانی مسافروں کے سفاکانہ قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے فتنہ الہندوستان کی کھلی دہشتگردی قرار دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ پاکستانی شناخت پر معصوم شہریوں کا قتل ایک ناقابل معافی جرم ہے، جس کا جواب سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر انسان کہلانے کے بھی قابل نہیں، انہوں نے درندگی کی بدترین مثال قائم کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر بہنے والا ہر بے گناہ خون حساب لے گا، اور ریاست ان قاتلوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے نہیں دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ہر منصوبے کو قومی اتحاد، فولادی عزم اور ریاستی طاقت سے کچلا جائے گا۔ بلوچستان دشمنوں کے لیے عبرتناک انجام کا میدان ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الہندوستان کے پروردہ دہشتگردوں کے تمام نیٹ ورکس کو مکمل طور پر تباہ کیا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ محض دہشتگردی کا واقعہ نہیں بلکہ ریاست کے خلاف اعلانِ جنگ ہے، اور ریاست اس جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔ پاکستانی عوام کے زخموں کا حساب ضرور ہوگا اور ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہی ہماری آخری سانس تک کا ہدف رہے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *