بلوچستان میں پی ڈی ایم اے ایمرجنسی سروس کا آغاز

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے تحت صوبے میں پی ڈی ایم اے ایمرجنسی سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد کسی بھی ہنگامی یا ناگہانی صورتحال میں عوام کو فوری اور مؤثر امداد فراہم کرنا ہے۔ اس سروس کے تحت بلوچستان کے مختلف شہروں اور اہم مقامات پر ریسکیو 1122 کی جدید ایمبولینسز اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عطاءاللہ مینگل کے مطابق ایمرجنسی سروس میں شامل عملے کو ہر قسم کی ممکنہ آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل اور جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری ریسکیو اور طبی امداد یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا عملہ ہر وقت الرٹ رہے گا اور کسی بھی ایمرجنسی کال پر بروقت کارروائی کرے گا۔

پی ڈی ایم اے ایمرجنسی سروس کے ذریعے شہریوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ مختلف علاقوں میں جدید آلات سے آراستہ ایمبولینسز ہمہ وقت دستیاب رہیں گی۔ ان ایمبولینسز کے ساتھ پیشہ ور اور تربیت یافتہ عملہ بھی موجود ہوگا جو ابتدائی طبی امداد سے لے کر محفوظ منتقلی تک تمام ذمہ داریاں انجام دے گا۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے کہا کہ حکومت بلوچستان بالخصوص کوئٹہ سمیت پورے صوبے کے عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور متحرک اقدامات کر رہی ہے، اور پی ڈی ایم اے ایمرجنسی سروس اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جو عوام کے تحفظ اور جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *