بلوچستان میں زمینوں کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کا تاریخی اقدام

بلوچستان میں اراضیات کے ریکارڈ کو جدید خطوط پر ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے حکومت بلوچستان اور لینڈ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (LIMS) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوئی، جو سادگی کے ساتھ پروقار انداز میں منعقد کی گئی۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی نے جبکہ لمز کی جانب سے سی ای او نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں بلوچستان کے 25 اضلاع میں GIS کے تحت زمینوں کی ڈیجیٹلائزیشن کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ سے زمینوں کے تنازعات میں کمی آئے گی اور عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے اس اقدام کو صوبے کی تاریخ کا ایک اہم اور فیصلہ کن سنگ میل قرار دیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ زمینوں کے ریکارڈ میں شفافیت کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، اور ڈیجیٹل نظام گورننس کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ کے ذریعے بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے اور زمینوں کی منتقلی و تصدیق میں سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے منصوبے پر مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔

صوبائی حکومت اصلاحات، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور اس منصوبے کو اس عزم کی عملی تصویر قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *