کوئٹہ، 09 اکتوبر — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت سنبھالی تو ریڈ زون بند تھا، لیکن آج صورتحال مکمل طور پر بدل چکی ہے، اب کوئی سڑک بند نہیں اور آٹھ جماعتیں مل کر بھی راستے بند نہیں کرسکتیں۔
انہوں نے یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی ژوب ڈویژن اور قلعہ سیف اللہ کے کارکنوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ سے دہشت گردی کے خلاف ڈٹی رہی ہے اور اس جدوجہد میں پارٹی نے اپنی عظیم قائد شہید بینظیر بھٹو سمیت کئی رہنماؤں اور کارکنوں کی قربانیاں دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گھڑی خدا بخش میں دہشت گردی کے خلاف دوٹوک مؤقف پیش کر کے واضح کر دیا کہ پیپلزپارٹی امن اور جمہوریت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت کسی کو عوام کی زندگی متاثر کرنے یا سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی تاکہ عوام پرامن اور محفوظ زندگی گزار سکیں۔
Leave a Reply