وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعلیمی وژن کی روشنی میں صوبے کے اساتذہ کے لیے ایک اہم اور جدید قدم اٹھایا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم بلوچستان اور پروونشل انسٹیٹیوٹ فار ٹیچر ایجوکیشن (PITE) نے مشترکہ طور پر “ورچوئل اکیڈمی فار ٹیچر ٹریننگ” (VATT) کے نام سے ایک آن لائن تربیتی پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے۔
یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم بلوچستان بھر کے پچاس ہزار سے زائد اساتذہ کو ان کے گھروں میں باآسانی معیاری تربیت فراہم کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔ تربیت کے مختلف پہلوؤں میں انڈکشن، پروفیشنل لرننگ ٹریننگ (PLT)، مسلسل پیشہ ورانہ ترقی (CPD) کے ماڈیولز، ویڈیو لیکچرز، ڈیجیٹل لائبریری، آن لائن اساتذہ کی کمیونٹی، اور ایک ڈیٹا ڈیش بورڈ شامل ہوں گے جو اساتذہ کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے میں مدد دے گا۔
یہ منصوبہ یورپی یونین کی مالی معاونت اور یونیسف کے تعاون سے بلوچستان ایجوکیشن سیکٹر پلان کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس اقدام کو صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے، جو اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ جدید پلیٹ فارم نہ صرف بلوچستان کے تعلیمی نظام میں بہتری لائے گا بلکہ دور دراز علاقوں میں تعینات اساتذہ کے لیے تربیت کے حصول کو آسان اور موثر بنائے گا۔ اس اقدام کو صوبے میں ڈیجیٹل تعلیم کی جانب ایک نمایاں پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔













Leave a Reply