وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی اہم منصوبوں اور اصلاحات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے بعد ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے صوبے کی مجموعی ترقی، موثر حکمرانی، عوامی بہبود اور سیکیورٹی کے حوالے سے کئی اہم اقدامات کو منظوری دی ہے۔ ان میں تمام محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتی، گرین ٹریکٹر اسکیم، اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق، کابینہ نے زراعت کے شعبے میں کسانوں کی مدد کے لیے گرین ٹریکٹر اسکیم کی منظوری دی ہے جس کے تحت پچاس فیصد سبسڈی پر ٹریکٹر فراہم کیے جائیں گے تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو معاشی ریلیف دیا جا سکے۔ اسی طرح، تمام سرکاری محکموں میں موجود خالی آسامیوں پر جلد از جلد بھرتی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ کابینہ کے ان فیصلوں کا مقصد ایک مضبوط، بااختیار اور عوام دوست بلوچستان کی بنیاد رکھنا ہے، جہاں ہر طبقے کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کے اصولوں پر کاربند ہے، اور یہی وژن وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان عوامی فلاحی اقدامات کے ثمرات جلد صوبے کے عام شہری تک پہنچیں گے، اور بلوچستان ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔













Leave a Reply