صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ انٹی گریٹڈ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں شہر کی صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کوئٹہ کے 84 وارڈز سے روزانہ ایک ہزار ٹن کے قریب کچرا اکٹھا کیا جاتا ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر دو لاکھ اکیاسی ہزار ٹن کچرا شہر سے ہٹایا جا چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 18 بڑے نالوں کی صفائی بھی مکمل ہو گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت دی کہ صفا کوئٹہ پروجیکٹ کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے تاکہ شہر کی صفائی میں بہتری لائی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی سے ماحول محفوظ ہوگا اور شہر کو صاف و خوبصورت بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے اقدامات میں تعاون کرتے ہوئے پلاسٹک بیگز کے بجائے ماحول دوست تھیلوں کے استعمال کو فروغ دیں۔ وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ کوئٹہ کو ماحولیاتی بہتری اور صفائی ستھرائی کے اعتبار سے ایک ماڈل شہر بنایا جائے گا تاکہ یہ دیگر شہروں کے لیے بھی مثال ثابت ہو۔













Leave a Reply